ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بیدرمیں رینبو ہائٹس اسکول کا ریٹائرڈ آئی پی ایس الحاج عبدالقیوم خان کے ہاتھوں افتتاح

بیدرمیں رینبو ہائٹس اسکول کا ریٹائرڈ آئی پی ایس الحاج عبدالقیوم خان کے ہاتھوں افتتاح

Sat, 23 Jul 2022 23:14:18    S.O. News Service

بیدر23جولائی(ایس او نیوز/محمدامین نواز) شہر بیدر میں نونہالان ملت کے لئے رینبو ہائٹس اسکول کا افتتاح ریٹائرڈ آئی پی ایس‘ایڈوائزر(کیابنیٹ رینک) حکومت تلنگانہ نے فتیہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ اسکول قائم کرنا آسان کام نہیں ہے۔ مگر مجھے اُمید ہے  کہ جناب عبدالمجید صاحب اپنی بھر پور صلاحیتوں سے ملت کے نو نہالوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ دینی و اخلاقی تعلیم دلانے میں کامیاب ہوں گے انہوں نے ملت کے نونہالوں کو دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم دلانا ضروری قرار دیا۔ اعزازی مہمان کے طور پرموجود شاہین ادارہ جات کے چیرمین ڈاکٹر عبدالقدیرنے اپنے خطاب میں کہا کہ امیدوں  کے ساتھ حوصلے بلند ہوں اور عزم محکم ہوں تو انقلابی جذبہ، انقلابی فکر، روشن فکر اور محکم استدلال کے ساتھ اپنے مقصد میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ آج کے اس جدید دور میں جناب الحاج عبدالمجید نے بیدر شہر میں نونہالانِ ملت کیلئے منفرد تعلیمی نظام اور ہر سہولیات سے آراستہ ”رینبو ہائٹس اسکول“ قائم کیا ہے جہاں معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی تعلیم اور کھیل کود پر توجہ دی جائے گی۔

ایک اورمہمانِ اعزازی جناب مولانا محمد مونس کرمانی صدر صفا بیت المال شاخ بیدر نے اپنے خطاب میں بتایا کہ اسکول کا قائم کرنا اور اسکو چلانا آج کے دور میں انتہائی مشکل کام ضرور ہے مگر جناب عبدالمجید صاحب بیدر میں ایک بہترین مشیر کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں اور مُختلف اُمور اور ہر میدان میں وہ کافی تجربہ رکھتے ہیں‘ہمیں اُمید ہے کہ وہ اس اسکول سے ملت کے نو نہالوں کو تعلیم سے آراستہ کرکے ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔

آخر میں جناب الحاج عبدالمجید صاحب چیئرمین الحسین ایجوکیشن ٹرسٹ بیدر نے مہمانِ خصوصی اور تمام اعزازی مہمانان کے ساتھ ساتھ سامعین کرام کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی نظامت جناب صباحت انور صاحب نے کی‘ جبکہ پروگرام کا آغاز جناب محمد اظہر الدین کی قرات ِ کلام پا ک سے ہوا تھا۔ پروگرام میں کثیر تعداد میں معززینِ شہر موجود تھے۔


Share: